جھنگ میں9ارب سیوریج سسٹم کی بحالی پر خرچ کئے جارہے ہیں،کمشنر جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرتحصیل جھنگ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پونے 5 ارب روپے کی لاگت سے واسا کے زیراہتما م سیوریج کی اپ گریڈیشن وبحالی کے میگا پرا جیکٹ پر تیزرفتار عملدرآمد جاری ہے جس کی بدولت شہر کی ساڑھے6 لاکھ سے زائد آبادی اور3لاکھ گھروں کے سیوریج سے متعلقہ دیرینہ مسائل حل ہونگے۔علاوہ ازیں ضلع جھنگ میں9۔ارب رو پے سیوریج سسٹم کی بحالی پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل جھنگ کے دورہ کے موقع پر علی آباد میں زیر تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے زیرتعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور واسا کے جاری اقدامات کو سراہا۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے 400 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک کی بحالی اس منصوبہ میں شامل ہے۔کمشنر نے کہا کہ مشینری بروئے کارلاکر مون سون سے قبل یہ اہم منصوبہ مکمل اور ڈی سلٹنگ کی جائے۔انہوں نے واسا کے قیام کے بعد سے عوامی شکایات کے حل اور مثبت عوامی ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ عوامی خدمت کا یہ تسلسل برقرار رکھا جائے۔تحصیل جھنگ سیٹلائٹ ٹائون میں 30 کنال رقبہ پر محیط سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز شریف فیملی پارک شہریوں کے لئے کھول دیا گیا۔کمشنر نے دورہ کے دوران پارک کی تزئین وبحالی کا افتتاح کیا اور مختلف تفریحی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے پارک کو وزیراعلی پنجاب کی طرف سے شہریوں کے لئے بڑا تحفہ قرار دیا۔کمشنر نے پارک مین اوپن جمخانہ،جھولے، جوگنگ ٹریک،واش رومز،فوارے، گزیبو،رات کے وقت جگمگاتی لائٹس،ہارٹیکلچر ورک ودیگر سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے پارک میں تفریح کے لئے موجود افراد سے ملاقات بھی کی۔کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی انتظامات چیک کئے اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ شہر کے پانچ بڑے قبرستانوں میں جنازہ گاہ، معیاری صفائی،چاردیواری،لائٹنگ کا انتظام کرایا جائے۔کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا معائنہ کرکے مریضوں سے ادویات ملنے کے بارے میں دریافت اور علاج معالجہ کے جاری عمل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈویژن بھر میں ہسپتالوں کی کڑی انسپکشن کا عمل جاری ہے جس کا مقصد مریضوں کو علاج معالجہ کی تیز رفتارسروسز بلاتعطل پہنچانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے اورجلد 100 بیڈز کا اضافہ کردیا جائے گا۔انہوں نے مشینری کے فعال ہونے کو چیک کیااور کہا کہ ڈویژن کے ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ترجیح ہے۔انہوں نے دورہ کے دوران مین بھکر روڈ سے کچا ملتان لنک روڈ کی کارپٹ تعمیر کا افتتاح بھی کیااور روڈ کی کوالٹی چیک کی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی تحصیلوں کے ہفتہ وار دوروں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصدشہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چاروں اضلاع میں ہر ہفتہ ایک تحصیل کو ٹارگٹ کرکے ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے تمام وسائل متعلقہ تحصیل میں بھجوائے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں