27

جھوٹی FIR کیخلاف صحافی برادری سراپا احتجاج

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد میں اندھیر نگری’چوپٹ راج’انٹی کرپشن کے عملے کے تشدد اور غنڈہ گردی کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے خلاف ہی پولیس نے مقدمہ درج کر لیاجبکہ متاثرہ صحافی کی طرف سے دی جانے والی درخواست کارروائی نہ کی جا سکی۔جھوٹی FIRکے خلاف فیصل آباد سمیت ملک بھر کی صحافی برادری سراپا احتجاج’ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز فیصل آباد پریس کلب کے ایگزیکٹو ممبر ندیم رئوف جاودانی اپنی درخواست کی پیروائی کے سلسلہ میں سینئر صحافی و فیصل آباد پریس کلب کے سابق جوائنٹ سیکرٹری ظفران سرور کے ہمراہ انٹی کرپشن کے آفس گئے جہاں پر ان کی رپورٹ پر احمد شیر تھیم ‘ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل اینٹی کرپشن نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا اور دونوں صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کی۔ موقع پر موجود انٹی کرپشن کے اہلکاروں نے ندیم رئوف جاودانی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں حبس بے جا میں رکھتے ہوئے ایک کمرے میں بند کر دیا جبکہ سینئر صحافی ظفر سرور کیساتھ بھی بدتمیزی کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر صحافیوں کی بڑی تعداد انٹی کرپشن آفس پہنچ گئی اور بڑی مشکل کے ساتھ سینئر صحافی ندیم رئوف جاودانی کو انٹی کرپشن اہلکاروں کے چنگل سے رہائی دلائی۔ مضروب صحافی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے میڈیکل لینے کے بعد سول لائن پولیس کو اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دیدی گئی لیکن پولیس نے انٹی کرپشن حکام کی ملی بھگت سے متاثرہ صحافی ندیم رئوف جاودانی ‘ظفر ان سرور سمیت دیگر سینئر صحافیوں میاں صغیر سانول’ نعیم بخاری’ میاں اسلم’ میاں منور اقبال کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔اس پر فیصل آباد سمیت ملک بھر کے صحافی سراپا احتجاج بن گئے۔فیصل آباد پریس کلب کے عہدیداوں اور صحافی تنظیموں کے ذمہ داران نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس جھوٹی ایف آئی آر کو خارج کیا جائے اور صحافیوں کی طرف سے دی جانے والی درخواست پر مقدمہ درج کر کے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں