حادثات میں2افراد جاں بحق،دلہن ولیمہ کے روز اغوا،گھر میں30لاکھ کا ڈاکہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق’ اوباش افراد نے ولیمہ کے روز پارلر جانے والی دلہن اور بس ہوسٹس کو اغواء کر لیا’ نواب سٹی میں شہری کے گھر 30لاکھ کا ڈاکہ’ نامعلوم چور بچیانہ کے علاقہ میں ریلوے پٹڑی کے نٹ بولٹ اتار کر لے گئے۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کے علاقہ 232 رب رسالہ روڈ کا رہائشی 70سالہ ریٹائرڈ فوجی عبدالواحد ولد خوشی محمد پیدل سڑک کراس کر رہا تھا کہ تیز رفتار موٹرسائیکل سواروں کی ٹکر لگنے سے روڈ پر گر پڑا اور سر میں چوٹ آنے سے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 67 ج ب سدھار کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر 75سالہ نامعلوم شخص زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 194 رب کے رہائشی نوید اشرف نے بتایا کہ اسکی بیٹی سویرا کی شادی ہوئی اور ولیمہ کے روز وہ تیار ہونے کیلئے قریبی بیوٹی پارلر پر جا رہی تھی کہ راستے میں ملزمان شاہ زیب وغیرہ نے گن پوائنٹ پر اغواء کر کے فرار ہو گئے جبکہ کوہستان بس سروس کی ہوسٹس گلناز نے بتایا کہ وہ بس سے اتری تو اس کا کزن انجم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ آئے اور اس کو گھر لے جانے کا کہہ کر کار میں بیٹھا کر ستیانہ روڈ پر لے گئے جہاں پر کزن نے زبردستی نکاح کر لیا۔ علاوہ ازیں نشاط آباد کے علاقہ نواب سٹی کے رہائشی ریاض الحق چشتی نے بتایا کہ ڈاکوئوں کا مسلح گروہ گھر داخل ہوا اور اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کر دیا اور گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 9تولے طلائی زیورات’ 300 امریکی ڈالر’ ایک ہزار سعودی ریال’ 2لاکھ ملکی کرنسی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے، جن کی مالیت 30 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے اور بچیانہ کے علاقہ 586 گ ب کے قریب نامعلوم چور پٹڑی کا ٹکڑا’ نٹ بولٹ اکھاڑ کر فرار ہو گئے، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں