حادثات میں2طلبا سمیت8افراد جاں بحق،30زخمی

لسبیلہ/ سرگودھا /جھنگ/ڈی آئی خان (بیوروچیف’نامہ نگاران)ٹریفک کے 4حادثات میں 2طلبا سمیت8افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسرا حادثہ لسبیلہ کے علاقے حب میں اشوک پمپ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث کار الٹ گئی، کار میں سوار دو افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق افراد کی نعشیں جام غلام قادر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔جھنگ میں سرگودھا روڈ واہگہ کلیہ کے قریب مسافر بس الٹ گئی، بس الٹنے کے باعث دو طالب علم جاں بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے، بس سرگودھا سے جھنگ آ رہی تھی، زخمیوں اور نعشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں کودرہ پیزو کے قریب ایجوکیشن آفیسر کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔پولیس کے مطابق حادثے میں ڈی ای او شدید زخمی ہوگئیں جنہیں پشاور منتقل کردیا گیا۔حادثے میں ان کے ڈرائیور اور کلرک جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق ڈی ای او جنوبی وزیرستان میں تعینات ہیں، حادثہ پشاور میں میٹنگ کے بعد واپس آتے ہوئے ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں