6

حادثات میں3اموات،1خودکشی،مزید2شہریوں کیساتھ فراڈ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات سے دل برداشتہ شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ جبکہ ٹریفک حادثات میں دو افراد لقمہ اجل بن گئے’ معمولی جھگڑے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان لہولہان’ جبکہ فراڈیئے گروہ نے جعلی کاغذات تیار کر کے خاتون سمیت دو شہریوں کو 59لاکھ روپے سے محروم کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ کے علاقہ 34گ ب کی رہائشی 25سالہ مریم زوجہ اکرم آئے روز گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ ستیانہ روڈ پر جسوآنہ بنگلہ کے قریب چلتی گاڑی پر سوار ہوتے ہوئے 28سالہ مطلوب گر کر ٹرالر تلے آ کر کچلا گیا، تھانہ سمندری کے علاقہ 228 گ ب کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے 45سالہ شخص عرفان نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے چل بسا، چہرہ بری طرح خراب ہو گیا، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ 632 گ ب میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف انعام ولد ولی کو بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ناظم آباد کی رہائشی عابدہ پروین نے بتایا کہ ملزمان قیصر وغیرہ نے جعلی اشٹام تیار کر کے خود کو مالک ظاہر کر کے ساڑھے 26لاکھ کی رقم ہتھیالی’ سمن آباد کے آغا تسنیم کا کہنا ہے کہ فراڈیے ملزمان باقر وغیرہ نے پلاٹ دکھا کر 30لاکھ کی رقم حاصل کی بعدازاں پلاٹ دیا نہ ہی رجسٹری کروا کر دی۔ پولیس نے دھوکہ دہی’ فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں