5

حادثہ میں نوجوان جاں بحق،گھر سے دیہاتی کی نعش برآمد،4تاجروں سے 1کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تیزرفتار آئل ٹینکر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق،دیہا تی کی گھر سے تعفن زدہ لاش برآمد، اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پرنوجوان کو گولیاں مار کر لہو لہان کردیا جبکہ چالاک ملزمان کاروبار کا جھانسہ دیکر چارتاجروں سے ایک کروڑ سے زائد رقم لیکر رفو چکر ہوگئے ،پولیس مصروف تفتیش ہے،تفصیل کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ103ج ب کے رہائشی اشرف نے بتایا کہ اس کا 16سالہ کزن ابراہیم موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے آنیوالی تیز رفتار آئل ٹینکر کی ٹکر لگنے سے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔پولیس نے نعش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرکے حادثہ کے مرتکب ڈائیور کی تلاش شروع کردی،تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ 85ج ب میں 50سالہ اکرم ولد عالم گھر میں اکیلا رہتا تھا ،تعفن اٹھنے پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع تو پولیس نے اندر جاکر دیکھا تو اکرم کی لاش چار پائی پر پڑی تھی پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی،تھانہ صدر جڑنوالہ کے علاقہ118گ ب کا رہائشی اشفاق موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ راستے میں دو نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے روک لیا گن پوائنٹ پر5ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر مزاحمت کرنے پر گولیاں مار کر زخمی کردیا مضروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔علاوہ ازیں مدینہ ٹائون کا رہائشی عاطف علی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم منصور احمد نے کاروبار کی غرض سے50لاکھ روپے کی رقم لے کر منافع دیا نہ رقم واپس کی،رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو بوگس نکلا،مدینہ ٹائون کے شاہ زیب کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم اکبر علی نے ذاتی ضرورت کے تحت 19لاکھ روپے کی رقم لے کر واپس نہ کی۔ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا کے تاجر واجد مجید نے بتایا کہ اسکے واقف کار ملزم افضل سعید نے 20لاکھ کا مال لے کر رقم کے بدلے چیک دیا جو بنک سے کیش نہ ہوسکا ،گلبر گ کے تاجر ریاض ارشد نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ملزم علی رضا نے 12لاکھ کا مال لیکر چیک دیا جو جعلی نکلا پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں