60

حالات سے دلبرداشتہ خاتون نے خودکشی کرلی ‘ مزید 2گھروں 2دکانوں میں ڈ اکے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات ودل برداشتہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی، ڈاکوئوں کا گروہ 2 گھروں اور 2 دکانوں پر لوٹ مار کرتے ہوئے 70لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ کی رہائشی 30 سالہ رقیہ زوجہ الیاس نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ جبکہ ڈاکوئوں کے چار رکنی گروہ ہیون ہیبٹٹکالونی کے رہائشی سلمان اشرف کے گھر داخل ہوا، اہل خانہ کو مختلف کمروں سے جگا کر ایک کمرہ میں بند کر کے گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 50 لاکھ روپے مالیت کے زیورات’ 4 لاکھ نقدی’ 4 لاکھ کی کلائی گھڑیاں اور قیمتی سامان لوٹ لیا جبکہ ستیانہ کے علاقہ 434 گ ب کے زمیندار عالم شیر کے گھر داخل ہونیوالے ڈاکوئوں نے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 12لاکھ مالیت کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ امین ٹائون میں نورالحق کے کریانہ سٹور اور اے بی سی روڈ پر غلام ربانی کی دکانوں پر لوٹ مار کرتے ہوئے لاکھوں کی نقدی وغیرہ چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں