حالات کے ستائے نوجوان نے خودکشی کرلی،3شہریوں کیساتھ 2کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، جبکہ اتھرے ڈاکوئوں نے ادھیڑ عمر خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچ کر لہولہان کر دیا، چالاک افراد نے تین شہریوں کیساتھ 2کروڑ کا فراڈ، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق جھنگ روڈ کا رہائشی اکرم ولد ولید جو کہ کچھ عرصہ سے بیروزگاری کی وجہ سے پریشان تھا جس کی وجہ سے گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز بھی اکرم کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہو گیا تو اس نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے اس کی زندگی بچانے کی سر توڑ کوششیں کی لیکن وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ جبکہ تھانہ گڑھ کے علاقہ جلی فتیانہ کے عارف نے بتایا کہ اس کی دادی گھر سے باہر بیٹھی ہوئی تھا کہ دو نامعلوم مسلح ڈاکوآئے اس کے کانوں سے بالیاں نوچ لیں اور ادھیڑ عمر خاتون کے کان کو زخمی کر دیا، مضروبہ کو ہسپتال پہنچایا گیا پولیس مصروف تفتیش ہے۔ علاوہ ازیں غلام محمد آباد کے رہائشی ظفر نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم رضوان نے کاروبار کیلئے ڈیڑھ کروڑ کی رقم لیکرحسب معاہدہ منافع دیا نہ رقم واپس کی، مطالبہ کرنے پر جعلی چیک تھما دیا جو کہ جعلی نکلا،چک جھمرہ کے علاقہ 103 ج ب کے صابر حسین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم شاہد حسین نے 31لاکھ اور تھانہ صدر کے علاقہ 215 رب کے عامر علی کا کہنا ہے کہ ملزمان احمد وغیرہ نے 22لاکھ سے زائد مالیت کا مکان کا سودا کیا اور رقم ادا کرنے کے باوجود قبضہ نہ دیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں