38

حج پروازوں میں3روز باقی ، بیشتر امور حل طلب

اسلام آباد(بیوروچیف)وزارت مذہبی امور مستقل وزیر اور سیکرٹری سے تاحال محروم،حج پروازیں شروع ہونے میں صرف تین دن باقی رہ گئے،قرعہ اندازی میں ناکام پانچ ہزار 633 درخواست گزاروں کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں ناکام عازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے وزیراعظم کو کوئی درخواست ہی ارسال نہ کی جا سکی سعودی عرب کو ساڑھے 19 ہزار حج کوٹہ واپس کیا جا رہا ہے وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین کو تین اپریل کو وزارت مذہبی امور کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی کا گزشتہ برس 19 ستمبر کو تبادلہ کر دیا گیا تھا۔ آفتاب اکبر درانی چھ ماہ بطور وفاقی سیکرٹری داخلہ فرائض ادا کر کے ملازمت سے ریٹائر ہوچکے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایڈیشنل سیکرٹری سید عطاء الرحمان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو سیکرٹری مذہبی امور کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود مستقل سیکرٹری مذہبی امور تعینات نہیں کیا جاسکا۔ مفتی عبدالشکور مرحوم کی بطور وزیر کوششوں سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تمام درخواست گزار کو حج پر بھجوایا تھا۔اپریل 2023 میں حکومت نے تمام ناکام درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی سے استثنیٰ دے دیا تھا۔گزشتہ برس حج کے لئے 44ہزار 190 کے کوٹہ پر72869 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔حکومت نے 28 ہزار 679 اضافی عازمین حج کے لیے زر مبادلہ فراہم کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت سے رواں برس 5 ہزار 633 عازمین کے لئے زرمبادلہ کی درخواست ہی نہ کی جا سکی پاکستان سے رواں برس تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرنے حجاز مقدس جائیں گی دو برس سے سعودی عرب کو حج کوٹہ واپس کیا جارہا ہے ائندہ بھی حج کوٹہ واپس کیا تو پاکستان کا کوٹہ کم ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں