حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج میدانِ عرفات میں جمع ہوگئے، تاریخی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے۔سعودی وزارت اسلامی امور نے میدان عرفات مسجد نمرہ میں عازمین حج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، غروبِ آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے، رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے’حجاج کو پرسکون ماحول کی فراہمی کے لیے مسجد کے ایک لاکھ 25ہزار مربع میٹر رقبے میں آرام دہ قالین بچھائے گئے ہیں، ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں، جس سے درجہ حرارت میں اوسطا 9ڈگری سینٹی گریڈ کمی ہوتی ہے۔عازمین آج حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے، اور سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، اور مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔حجاج کرام کل مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے، وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کے لیے روانہ ہوں گے، بڑے شیطان کو 7 کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔11ذوالحج کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے، رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کے لیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔ 12ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، 13ذوالحج کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق تقریبا 89ہزار پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جب کہ 23ہزار 620سے زائد پاکستانی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج ادا کر رہے ہیں۔پاکستان کے حج مشن نے دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی منی میں عازمین حج کی منتقلی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔سرکاری نشریاتی ادارے نے بتایا کہ حکومتی حج اسکیم کے تحت 88 ہزار سے زائد عازمین آج ظہر سے پہلے 932 بسوں کے ذریعے منی پہنچ جائیں گے۔حج ایسا مقدس فریضہ ہے جسے مسلمانوں پر زندگی میں ایک بار پورا کرنا فرض قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق دنیا بھر سے 15لاکھ سے زائد زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جس کے لیے انتظامات کو بہتر بنانے اور مسلسل لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 40مختلف حکومتی ادارے اور 2لاکھ 50ہزار سے افسران و اہلکار مختلف فرائض کے انجام دہی میں مصروف ہیں۔سعودی وزیر حج توفیق ال رابعیہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حجاج کے لیے 50ہزار اسکوائر میٹر کے علاقے کو شیڈز لگا کر گرمی سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے، میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ ساتھ دوائیوں کی بروقت دستیابی کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ 400کولنگ یونٹس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔وزیرِ حج کے مطابق زائرین کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے تو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو نقل و حرکت کو دیکھنے کے لیے ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے۔فلپائن سے آئے ایک زائر عبدالمجید آتی نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا خاص کرم ہے، ہم یہاں انتہائی اطمینان اور محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔نائیجیریا سے آئے عبدالحامد نے کہا کہ دوسری مرتبہ حج کرنے کا شرف حاصل ہوا، جس پر بہت زیادہ خوش ہوں، یہاں کا موسم بہت زیادہ گرم ہے، باہر نکلتے ہوئے احتیاط برتنی پڑتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں