حدبندیوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں،14جنوری تک اعتراضات و تجاویز دی جائینگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی طرف سے بلدیاتی الیکشن کیلئے سرگرمیاں تیز’ 24جنوری کو حدبندیوں کا مرحلہ مکمل کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا، حد بندیوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں کرنے کے بعد 14 جنوری تک شہری حد بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز دے دی جائیں گی جبکہ 15جنوری کو شہریوں کی جانب سے اعتراضات اور تجاویز کو شامل کر کے فہرستیں شائع ہونگی۔ 17جنوری کو اعتراضات پر بحث اور 21جنوری 2026ء کو اعتراضات پر مجاز اتھارٹی فیصلہ کریگی اور 24جنوری کو حدبندیوں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ یاد رہے کہ سٹی فیصل آباد میں پانچ ٹائونز لائلپور ٹائون’ مدینہ ٹائون’ اقبال ٹائون’ جناح ٹائون اور اس مرتبہ سمن آباد ٹائون کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تحصیل جڑانوالہ اور سمندری کو میونسپل کارپویشنز کا درجہ دیا گیا ہے۔ جبکہ سمندری’ ڈجکوٹ’ ماموں کانجن’ چک جھمرہ’ دھنولہ’ سدھار میں تحصیل کونسلز قائم ہونگی۔ فیصل آباد میں 25ہزار کی آبادی کے لحاظ سے 360 یونین کونسلز بنائی جا رہی ہیں۔ اسطرح فیصل آباد شہر میں 5ٹائونز’ 14 میونسپل کمیٹیاں’ 5تحصیل کونسل قائم ہونگی۔ فیصل آباد شہر میں نئے بننے والے سمن آباد ٹائون میں چک نمبر 289 رب’ 296رب’ 233 رب’ 232 رب’ 231 رب’ 220 رب’ 221رب’ 295رب’ 222 رب اور 212 رب کو شامل کیا گیا ہے۔ 2023ء کی مردم شماری کے مطابق سمن آباد ٹائون کی آبادی 813360 پر مشتمل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں