حسن علی پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر بن گئے

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے وہاب ریاض کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔ گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز ہی بنا سکی، یوں کراچی کنگز نے میچ 56 رنز سے جیت لیا۔اس میچ میں حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ ہی انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز حسن نواز کو صرف ایک رن پر آئوٹ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔حسن علی نے پی ایس ایل کی 84 اننگز میں 116 وکٹیں حاصل کی ہیں، اس سے قبل وہاب ریاض نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں حاصل کی تھیں۔پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں۔ حسن علی: 84 اننگز میں 116 وکٹیں۔ وہاب ریاض: 87 اننگز میں 113 وکٹیں۔ شاہین شاہ آفریدی: 74 اننگز میں 108 وکٹیں۔ شاداب خان: 86 اننگز میں 97 وکٹیں۔ فہیم اشرف: 73 اننگز میں 79 وکٹیں۔ 30 سالہ حسن علی اس سیزن میں شاندار فارم میں ہیں اور اب تک 3 میچز میں 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ کراچی کنگز نے پی ایس ایل 10 میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 2 میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔ ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں