حضرت امام حسن کی اسلام کے لئے خدمات مثالی ہیں

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر ) حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ نے محسن انسانیت ۖکے نقش قدم پر چل کر اسلام کی حقیقی تعلیمات سے لوگوں کو روشناس کرایا۔خاندان اہلبیت کی زندگیوں کے تمام پہلوؤں میں ہمارے لیے رشدوہدایت کاعظیم درس ملتا ہے۔امور سلطنت کو چلانے کے لیے آپ رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی حکمرانوں کے لیے آئیڈیل اور روشن ستارہ ہے۔ان خیالات کا اظہارپاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدرو ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے”سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ” کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ ”کیک کٹنگ تقریب ”کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے مذہبی، سیاسی اور نظریاتی فسادات کاخاتمہ کرنے کے لیے آپ رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ حکمت ودانائی،حُسن سلوک،زہداورتقوی، خوش خلقی جیسے اعلیٰ عمدہ اوصاف کاکامل مظہر تھے۔ تعلیمات سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کو عام کرکے انسانیت کوراہ راست پر لایاجاسکتا ہے۔سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کی حیات مبارکہ سے ایثار،اخلاص،انسانیت اور امت کے اجتماعی مفاد کا درس ملتاہے۔ سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کی زندگی کو اپنی عملی زندگی بناکر انسانیت کی رہنمائی کرنا ہوگی۔سیدنا حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ حق کے مرکز اور تعلیمات محمدی ۖ کے سر چشمہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں