حضرت بابا فرید کی تعلیمات پر عمل کرنا بیحد ضروری ہے

لاہور(بیورو چیف) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کی تعلیمات آج بھی انسانیت، صبر، برداشت اور باہمی اخوت کا سرچشمہ ہیں، محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی اور اتحاد کا درس دیتا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں رواداری اور امن کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر حضرت بابا فرید کے 783ویں سالانہ عرس اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے دورہ پاکپتن کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید،ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق،ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ،ایم این اے میاں احمد رضا مانیکا، ایم پی اے چوہدری جاوید احمد،ایم پی اے میاں فاروق مانیکا،ایم پی اے سردار منصب علی ڈوگر ایم پی اے موتیا مسعود اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر اور معاونِ خصوصی نے بہشتی دروازے سے گزرنے والے زائرین کے پیدل راستوں، درگاہ پر قائم عارضی ہسپتال،سہولتی مراکز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم، طبی کیمپس، وضو خانہ اور نئے ٹوائلٹ بلاکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کی خوشحالی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔سرکٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ ڈپٹی کمشنر پاکپتن ماریہ طارق نے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ زائرین و عزاداروں کے لیے قیام، صفائی، روشنی، طبی سہولیات، سیکیورٹی اور رہنمائی کے مکمل انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے مربوط انداز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ نے سیکیورٹی انتظامات بارے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں تقریبات کے لیے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں