حضرت خدیجتہ الکبریٰ نے سب سے پہلے اسلام قبول کیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حضرت خدیجتہ الکبری رضی اللہ عنہاکی زندگی ایثار، قربانی، صبر اور محبت کی اعلی مثال ہے۔ آپ رضی اللہ عنہانے مشکل ترین حالات میں حضور اکرم ۖ کا ساتھ دیا اور اپنی دولت اسلام کی سربلندی کے لیے وقف کر دی۔ آپ رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ آج بھی خواتین کے لیے عملی نمونہ ہے۔آپ رضی اللہ عنہا کو ”ام الممنین” کا بلند مقام حاصل ہے اور اللہ کے رسول ۖ نے انہیں جنت کی بشارت دی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویثرنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے حضرت خدیجتہ الکبری رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر اسلم پارک میں منعقدہ محفل پاک میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجتہ الکبری رضی اللہ عنہا نے سب سے پہلے نبی کریمۖ کی نبوت کی تصدیق کی اور دینِ اسلام قبول کیا۔شعب ابی طالب میں تین سالہ سخت ترین بائیکاٹ میں آپ رضی اللہ عنہا نے صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا۔جب ساری دنیا نے نبی کریمۖ کو جھٹلایاتب آپ رضی اللہ عنہا نے ہر حال میں ان کا ساتھ دیا۔ آپ رضی اللہ عنہا نے نبی کریمۖ کو تسلی دی اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے لیے حوصلے کا سبب بنیں۔ آپ رضی اللہ عنہا کے ایثار اور قربانی کی گواہی خود اللہ کے رسولۖ نے دی۔حضرت جبرائیل علیہ السلام آپ رضی اللہ عنہاکے لیے اللہ تعالی کی طرف سے سلام لے کر آئے۔ آپ رضی اللہ عنہا کی دولت نے ابتدائی دور میں اسلام کی تبلیغ میں بنیادی کردار ادا کیا۔ آپ رضی اللہ عنہا نے اپنی ازدواجی زندگی میں محبت، وفاداری اور قربانی کی مثال قائم کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں