حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت آج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیر خدا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت آج 21رمضان المبارک بمطابق 22مارچ ہفتہ کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے’ یوم شہادت کے سلسلے میں فیصل آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد میں منعقدہ تقریبات کے دوران علماء و خطیب حضرات حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی دین ا سلام کی آبیاری کیلئے پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ امام بارگاہوں میں مجالس عزاء منعقد ہو نگی جہاں علماء و ذاکرین فلسفہ شہادت بیان کریں گے ،بڑے بڑے شہروں میں مجالس عزاء منعقد ہوں گی اور تعزیے کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے اس دوران عزادا زنجیر زنی کریں گے۔ علاوہ ازیں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے سیر ت حضرت علی کرم اللہ وجہہ اور فضائل اجاگر کیے جائیں گے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی ولادت باسعادت 13 رجب کو ہوئی آپ کے والد کا نام حضرت ابوطالب اور مادر گرامی کا نام حضرت فاطمہ بنت اسد ہے حضرت علی کرم اللہ وجہہ پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چچا زاد بھائی ہیں بچپن میں پیغمبر کے گھر پرورش پائی۔ پیغمبر ۖکی زیرنگرانی آپ کی تربیت ہوئی۔حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو 19 رمضان سن چالیس ہجری میں عبدالرحمن ابن ملجم نامی ایک خارجی نے مسجدِ کوفہ میں زہر بجھی تلوار سے اس وقت شہید کیا کہ جب آپ روزے سے تھے اور حالت ِ نماز میں تھے، تین دن زہر کے زیر اثر رہنے کے بعد اکیس رمضان کو آپ کی شہادت ہوئی۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 1829پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ ایلیٹ فورس اور ایس ایچ اوز شہر کے داخلی،خارجی راستوں پر اضافی پٹرولنگ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی کے سلسلہ میں نکلنے والے 13جلوسوں اور 39مجالس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ضلع فیصل آباد میں سیکیورٹی پلان کے مطابق 18جی اوز، 225اپرسبارڈینیٹ اور1586کانسٹیبل ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی 52ٹیمیں بھی شہر کے گردونواح کے اہم حساس مقامات پر گشت کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس فورس کی11ریزور کو پولیس لائنز میں سٹینڈ ٹو رکھا گیا ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں