حضرت علی کے فرمودات ہر خاص و عام کیلئے مشعل راہ ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حضرت علی رضی اللہ عنہ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کے لیے ہدایت و رہنمائی کا بہترین نمونہ ہے۔آپ رضی اللہ عنہ کے اقوال و فرمودات ہر خاص و عام کے لیے مشعل راہ ہیں۔امت مسلمہ کو دینی، اخلاقی ، معاشرتی اور سیاسی تربیت کے لیے آپ کی تعلیمات سے بہرہ ور ہونے کی ضرورت ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ بیک وقت صحابی رسول،اہل بیت اور خلفائے راشدین میں شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے محلہ چوہڑ ماجرہ غلام محمد آباد میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہکے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ” کیک کٹنگ تقریب”کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی مقدس ہستیوں کے ایام منانے کا مقصد انکی سیرت کا پرچار کرنا ہے۔انسان کی اصل کامیابی صحابہ و اہلبیت کی پیروی میں پوشیدہ ہے۔حضرت علی رضی اللہ عنہ نے تحفظ ناموس رسالت ۖ اور فروغ اسلام کی خاطر ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ شیر خدا کی شجاعت و بہادری اور دانش و علم کا احاطہ کرنا بہت مشکل ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی ساری زندگی خدمت اسلام، جہاد فی سبیل اللہ، صبر وشکر اور ایثار کا اعلی نمونہ تھی۔حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی شان میں قرآن پاک کی تقریبا تین سو آیات نازل ہوئیں۔مشکل اور پیچیدہ مسائل کا حل نکالنے میں آپ رضی اللہ عنہ کا کوئی ثانی نہ تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ کو بچوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ نبی کریم ۖ نے دنیا و آخر ت دونوں جگہ پر حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اپنا بھائی فرمایا۔آپ رضی اللہ عنہ کو دنیامیں تشریف لانے کے بعد پہلی خوراک نبی کریم ۖ نے عطا فرمائی۔ آپ رضی اللہ عنہ نے شجاعت و بہادری تذکرہ ہمیشہ باقی رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں