حوالات میں بند ملزم کے انگوٹھے لگا کر مکان فروخت کرنیکی انکوائری شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ رضاآباد کی حوالات میں بند خطرناک ملزم سے مک مکا کر کے انکے مکان کی رجسٹری کروانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ایس پی لائلپور ٹائون کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ رضاآباد قیصر مختار اور اے ایس آئی ظہیر اختر گل نے ڈکیتی’ چوری کی وارداتوں میں مطلوب ملزم فیصل ولد عبدالغفور سکنہ کوکیانوالہ کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ بعدازاں اس سے مبینہ طور پر مک مکا کر کے بڑی ڈیل کرتے ہوئے اس کو منشیات کے مقدمہ میں ملوث کر کے مکان فروخت کروا دیا اور تھانے کے اندر پراپرٹی ڈیلر کو بلا کر فیصل کا مکان فروخت کر کے 7لاکھ روپے وصول کر لئے۔ حوالات میں مکان کے کاغذات پر انگوٹھے لگوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ جس پر سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ رضاآباد اور اے ایس آئی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا اور ایس پی لائلپور ٹائون کو انکوائری کر کے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ ملزم فیصل ولد عبدالغفور کے خلاف فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی’ چوری کے 20 مقدمات درج ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں