حوالات میں 3بھائیوں کا قتل ،مرکزی ملزمان گرفتار

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)فیصل آباد پولیس تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں تین سگے بھائیوں کو قتل اور چوتھے کو زخمی کرنیوالے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔اس حوالے سی پی او کامران عادل کسی وقت بھی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں۔معتبر ذرائع کے مطابق گزشتہ رات سی پی او کی قائم کردہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقے ستیانہ روڈ پر مقامی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کے گھر چھاپہ مارا ‘پولیس نے سارے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد رات کے اندھیرے میں کارروائی کی اور مذکورہ گھر سے تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں گولیوں کی بوچھاڑ کر کے تین سگے بھائیوں کو قتل اورچوتھے کو زخمی کرنے والے بعض مرکزی ملزمان کو قابو کر لیا۔ ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ جنہیں خفیہ مقام پر منتقل کر دیاگیا۔ گھر کا سربراہ مقامی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین ان میں سے ایک ملز م کے ہمراہ وادی سوات میں موجود تھا۔جسے وہاں پر چھاپہ پڑنے کی اطلاع مل گئی جس پر اس نے مقامی صحافیوں کے ساتھ رابطہ کیا تو اسے بتایا گیا کہ تمہارے گھر سے تہرے قتل کے مرکزی ملزمان پکڑے گئے ہیں اور ان میں سے ایک ملزم اب بھی تمہارے ساتھ سوات میں موجود ہے۔ جس پر مذکورہ کیمرہ مین نے آج ہر حال میں فیصل آباد پہنچ کر اپنے ساتھ موجود ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرائی یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے مذکورہ کیمرہ مین کے گھر سے موبائل فونز اور اس کے فیملی ممبران کو بھی حراست میں لیاہے۔ضلعی پولیس ترجمان محمد طارق نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ لاعلم ہے جبکہ اسے تمام حقائق معلوم ہیں مگر وہ کسی خاص وجہ سے میڈیا کو اندھیرے میں رکھے ہوئے ہے تاہم سی پی او فیصل آباد اتنی بڑی کارروائی کے متعلق کسی وقت بھی پریس کانفرنس کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں