حکومتی احکامات کے برعکس فیصل آباد میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومتی احکامات کے برعکس’ گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری’ کئی علاقوں میں پریشر انتہائی کم’ شہریوں کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نان بھائیوں کی موجیں ہو گئیں، محکمہ سوئی گیس حکام نے چپ سادھ لی’ دو ہفتے قبل وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کو صبح 5بجے سے رات 10بجے تک مسلسل گیس فراہمی کا اعلان کیا تھا تاہم کئی اضلاع میں اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے لیکن فیصل آباد میں صبح 5بجے سے رات 10بجے تک گیس کی فراہمی خواب بن کر رہ گئی، محکمہ کی طرف سے فیصل آباد کے اکثر علاقوں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور جن علاقوں میں گیس آتی ہے اس کا پریشر انتہائی کم ہوتا ہے اور شہریوں کو کھانا تیار کرنے میں بھی شدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔ جبکہ ایل پی جی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ بالخصوص صبح کو گیس نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکول وکالج اور شہریوں کو اپنے دفاتر اور ڈیوٹی پر بغیر ناشتہ کئے ڈیوٹی پر جانا پڑ رہا ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کم ہونے پر نان بھائیوں کی موجیں ہو گئیں، تندوروں پر لوگوں کا رش بڑھ گیا’ نان بھائی بھی روٹی اور نان کے من مانے ریٹ وصول کرنے لگے۔ ایل پی جی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں گیس کا بل دیں یا ایل پی جی گیس سلنڈر خریدیں، فیصل آباد میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر سیاسی’ سماجی تنظیموں کی طرف سے کوئی آواز بلند نہ کی جا رہی ہے۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے اعلان کے مطابق فیصل آباد کے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں