حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے،وفاقی وزیر قیصر شیخ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وسط ایشیائی ریاستوںکی ڈبل ڈیجٹ گروتھ نے پاکستان کے بحری پوٹینشل سے بھر پور استفادہ کے امکانات کو روشن تر کر دیا ہے۔ میری ٹائم افیئرزکے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بھی اس شعبہ سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں کی شرع نمو میں میری ٹائم کا حصہ 7فیصد ہے جبکہ پاکستان میں یہ صرف 0.4فیصد ہے جسے نجی شعبہ کے تعاون سے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 3بندرگاہوں میں سے کراچی پورٹ ٹرسٹ(کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم ملکی درآمدو برآمد کا 45فیصد ہینڈل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت میں سمندر واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے نقل و حمل کی لاگت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے علاقائی سطح پر پاکستان سب سے زیادہ Viable ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ کو استعمال کرنے کیلئے پبلک سیکٹر کی 60فیصد درآمد و برآمد گوادر کے ذریعے ہو گی تاکہ بلوچستان کے عوام کو روزگار کے زیادہ مواقع مہیا کئے جا سکیں۔ انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کو انجن آف گروتھ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں اس شعبہ کو کل قرضے کا صرف 8فیصد ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں نجی سیکٹر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے برآمدات بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں