حکومتی سطح پر سموگ کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے زیراہتمام شہری علاقوں میں سموگ کی وجوہات،چینلجزاور پائیدار حل کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقدہوا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین(ستارہ امتیاز)،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا سمیت فیکلٹی ممبران اورطالبات موجود تھیں۔کمشنر نے کہا کہ حکومتی سطح پر سموگ کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کے ساتھ ماحول دوست پالیسیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونماہورہی ہیں تاہم ہمیں بھی اپنے اپنے حصہ کی ذمہ داریاں نبھانی ہیں۔کمشنر نے اعدادوشمار کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کی وجوہات کا ذکر کیااور بتایا کہ انڈسٹریل حب ہونے کے ساتھ ضلع فیصل آباد میں روزانہ 20 لاکھ موٹر بائیکس اور ساڑھے 3 لاکھ فورویلرزفضا کو آلودہ کررہے ہیں۔ زیرتعمیر عمارات سے اٹھنے والے مٹی،ریت کے ذرات سموگ کا موجب ہیں جبکہ پلاسٹک کا بے تحاشا ضیاع روکنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن سیکٹر ترقی کا بڑا راستہ ہے۔گریجوایٹس،پوسٹ گریجوایٹس اور پی ایچ ڈی طالب علم اپنے علم وہنر سے معاشرتی تبدیلیاں لے کر آئیں۔کمشنر نے کہا کہ ستھراپنجاب پروگرام کے تحت روزانہ سیکڑوں ٹن ویسٹ تلف کیا جارہا ہے۔اب وقت ذمہ شہری بننے کا ہے۔طالبات خود کو ڈگری ہولڈر تک محدود نہ رکھیں۔میدان عمل میں آئیں اور ماحول کو تروتازہ بنانے کے لئے کردار اداکریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کومعیاری شاہرات،تعلیمی اداروں سمیت انفراسٹرکچر فراہم کررہی ہے۔دوسروں پر تنقید یا الزام تراشی ترک کردیں۔فیصل آباد میں اس وقت دو روٹس پر 30 الیکٹرو بسیں رواں دواں ہیں۔آئندہ دو ماہ میں مزید 60 بسیں سسٹم میں شامل ہونگی۔حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب طالبات کو ای بائیکس فراہم کررہی ہے۔ طالبات اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور آن لائن اپلائی کریں۔انہوں نے کہا کہ آب وہوا کی تبدیلیوں کا مقابلہ اور آئندہ کے لئے اسے شدت اختیار کرنے سے روکنا ہے۔کمشنر نے طالبات کے سوالوں کے جوابات بھی دیئیقبل ازیں کمشنر فیصل آباد نے یونیورسٹی کے لان میں پودا بھی لگایا۔وائس چانسلر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں