حکومتی مشینری کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف موڑ دیا ہے

لاہور(بیوروچیف)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی بیروزگاری کا رونا رونے کے لئے پی ٹی آئی کافی تھی پیپلزپارٹی کو کیا ضرورت پڑگئی؟،ہم سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں اس لیے اتحادی سمجھ کر برداشت کررہے،اتحادی ہونے کا یہ مطلب نہیں اب آپ کے جعلی فلسفے اور ناکام تھیوریاں سنتے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ منظور چوہدری اور حسن مرتضی اپنے فلسفے اور دکھ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کو سنائیں،پنجاب ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سلاب کا سامنا کر رہا ہے،مریم نواز اور پنجاب کی انتظامیہ دن رات سلاب سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف دینے میں مصروف ہیں، الحمدللہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی ہر قسم کی مدد اپنے وسائل سے کر رہی ہے، سندھ میں ابھی سیلاب سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا، اس کے باوجود پیپلز پارٹی وفاق کو بیرون ملک سے امداد مانگنے پر فورس کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ مریم نواز نے تمام وسائل اور حکومتی مشینری کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف موڑ دیا ہے، مریم نواز نے وفاق سمیت کسی بھی تنظیم کی طرف مدد کیلئے نہیں دیکھا، پیپلز پارٹی اور اس کے ہارے ہوئے لوگوں کو سندھ کے لوگوں کی فکر کرنی چاہیے، 2022 کے سندھ سے سیلاب متاثرین آج بھی امداد کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں