حکومتی ویژن کے مطابق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں

سرگودہا (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئیر بابر علاؤ الدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے سلانوالی ٹریفک حادثہ میں زخمی بچوں کی عیادت کی اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ چیئر پرسن نے ہسپتال کے زنانہ و مردانہ ایمرجنسی وارڈز،نرسری و پیڈز وارڈ، زنانہ و مردانہ میڈیکل وارڈز، سمیت جملہ شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین کے مسائل سنے، سرکاری ادویات، طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کے رویہ سے متعلق دریافت کیا۔ چیئر پرسن وزیراعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئیر بابر علاؤ الدین نے لوگوں سے گفتگو کرے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلہ میں ہسپتالوں کے دورے کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر کسی مریض کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو براہِ راست میرے نوٹس میں لائیں فوری ازالہ کیا جائیگا ۔ انھوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور حکومتی ویژن کے مطابق ہسپتال میں آنیوالے ہر مریض کو علاج معالجہ کی تمام بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں