حکومتی کوششیں کامیاب’ سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار

چنیوٹ (نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول تشکیل دیا جا چکا ہے اور موجودہ سال کے دوران ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں پیش رفت متوقع ہے،حکومت نے پالیسی ریٹ میں 11 فیصد کمی، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام، انڈسٹریل زونز کی ترقی اور ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اجازت ناموں اور این او سیز کے نظام کو آسان بنایا گیا ہے اور ون ونڈو فیسلیٹیشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں تمام وزارتوں کے افسران ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں پاکستان اسٹیل مل کی 6000 ایکڑ اراضی کو صنعتی ترقی کے لیے استعمال میں لایا جا رہا ہے، جہاں 50 فیصد زمین صنعتوں کو بغیر لاگت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مڈل ایسٹ، چین، امریکہ اور کینیڈا سے سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کے تحت 7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہو چکے ہیں جبکہ چین کے ساتھ بڑے پیمانے پر صنعتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام جاری ہے۔ چین میں ہونے والی حالیہ میٹنگز میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیاں شریک ہوئیں، جن کے ذریعے مشترکہ منصوبوں اور صنعتی ترقی پر اتفاق ہوا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک، ایم ایل ون ریلوے منصوبہ، سکھر تا حیدرآباد موٹروے، اور چابہار سے گوادر تک روابط جیسے منصوبے سرمایہ کاری کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔ دفاعی شعبے میں پاکستان کی کامیابیوں کے بعد کئی ممالک پاکستانی دفاعی صنعت میں دلچسپی لے رہے ہیں، جس سے آئندہ برسوں میں نمایاں سرمایہ کاری متوقع ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کا برقرار رہنا، کرنسی کا استحکام اور مقامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بیرونی سرمایہ کاری کے اعتماد کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 27 اور 28 تاریخ کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جن سے وزیراعظم شہباز شریف خود ملاقات کریں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے سماجی خدمات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ میں سیلاب اور موسمی اثرات کے باعث متاثرہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس لگائے جا رہے ہیں۔ چنیوٹ انجمن اسلامیہ اور اسلامیہ ہسپتال کے تعاون سے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں مفت معائنہ اور ادویات فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج جھانب کے علاقے میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں اب تک 250 سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جا چکا ہے۔ ایسے افراد جو ہسپتال نہیں پہنچ سکتے، ان کیلئے یہ کیمپس ایک بڑی سہولت ہیں، جبکہ پیچیدہ کیسز کو اسلامیہ ہسپتال چنیوٹ ریفر کیا جا رہا ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ یہ فری میڈیکل کیمپس انسانیت کی خدمت ہیں اور حکومت و فلاحی ادارے مل کر عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں