10

حکومت زرعی شعبے کی ترقی کیلئے مزید اقدامات کر رہی ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ ٹھوس تحقیقاتی امور زراعت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومت پنجاب زرعی شعبے کے مسائل کے حل اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ غذائی خودکفالت، زرعی خوشحالی اور تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری زراعت پنجاب افتخار علی ساہو، پارلیمانی سیکریٹری اسامہ لغاری، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات نوید عصمت، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید عاشق حسین کرمانی نے زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تحقیق اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبے کے لیے اربوں روپے کے مائیکروفنانس پروگرام شروع کیے ہیں جن کا مقصد پیداواری صلاحیت میں اضافہ، چھوٹے کاشتکاروں کی معاونت اور صوبے میں جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی بشمول سیڈرز کے استعمال اور فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کے لیے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے سائنسدانوں کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی زرخیزی کی بحالی، نامیاتی مادے سمیت زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے مختلف منصوبہ جات تیار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بہاولنگر میں فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز فری زون قائم کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں