حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خوشاب (جوہرآباد) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر سرگودہا نے ہسپتال کی آئوٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی)، ایمرجنسی وارڈ، لیبارٹری، فارمیسی اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز بھی سنی اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کمشنر کو بریفنگ دی گئی جس میں ہسپتال میں دستیاب ادویات، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد، مریضوں کی یومیہ آمداور دیگر انتظامی امور پر روشنی ڈالی گئی۔ کمشنر نے صفائی کے نظام، ادویات کی دستیابی اور مشینری کے فعال ہونے کا بھی جائزہ لیا اور بعض مقامات پر بہتری کی ہدایات دیں۔کمشنر سرگودہا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں