حکومت فیصل آباد میں150ایکڑ رقبے پر جدید ایکسپو سنٹر قائم کریگی ،وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین ایک روزہ دورے پر ایوانِ صنعت و تجارت فیصل آباد پہنچے، جہاں صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ، چیمبر کے عہدیدارو ں اور ممتاز صنعتکاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے ایوانِ صنعت و تجارت کے آفس میں صنعتکاروں سے تفصیلی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی شہر فیصل آباد میں ایکسپو سینٹر کا نہ ہونا افسوسناک ہے، تاہم موجودہ حکومت فیصل آباد میں 50 ایکڑ رقبے پر جدید ایکسپو سینٹر قائم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد میں ایکسپو سینٹر کے جلد قیام کیلئے وہ ہر ممکن حد تک جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے کوئی مثر اقدامات نہیں کئے، جبکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے جہاں پہلی مرتبہ بانڈری وال تعمیر کی گئی ہے، مختلف بینکوں کی برانچیں قائم کی جا رہی ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنایا جا رہا ہے اور سکیورٹی کے امور کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری سے انڈسٹریل اسٹیٹس میں تیزی سے صنعتی یونٹس قائم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس ایک نقد آور فصل ہے جس سے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچتا ہے، تاہم شوگر ملوں سے اربوں روپے کمانے والے کسانوں کو بروقت ادائیگیاں نہیں کرتے۔ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت نے کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلی آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ لاہور میں ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر خواتین سرمایہ کاروں کو تربیت فراہم کر رہا ہے جبکہ پنجاب کے مزید 6 شہروں میں ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فیصل آباد میں بھی ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر بنایا جائے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور بزنس کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ سرکاری ادارے بلا وجہ انہیں حراساں یا تنگ نہیں کریں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری پراپرٹی کے کاروبار کو بند کروا دیا گیا ہے اور اب انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹس پر صرف صنعتی یونٹس ہی لگیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹس کینسل کئے جائیں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے بزنس کمیونٹی کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے اور بعض مسائل موقع پر ہی حل کر دیئے۔صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ چوہدری شافع حسین صنعتکاروں اور انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں اور ان کے وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے سے معاملات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے صنعت کو چلانے میں سرکاری اداروں کی رکاوٹوں اور مسائل سے بھی صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر صنعتکاروں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے اظہار تشکر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں