58

حکومت نے جاتے جاتے سرکاری ملازمین کے الائونس میں 50 فیصد اضافہ کردیا

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے آج اپنی مدت اختتام پذیر ہونے سے قبل سرکاری فرائض ادا کرنے والے تمام سرکاری ملازمین کے یومیہ سفری اور مائلیج الائونسز میں50فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کے اندر اب گریڈ 22 کے ملازمین کے لیے یومیہ زیادہ سے زیادہ7ہزار2سو روپے خصوصی الائونسز کی اجازت ہوگی، اس کے بعد گریڈ21کے ملازمین کو6ہزار روپے جبکہ گریڈ 20 اور19والوں کو4ہزار920روپے ملیں گے۔اسی طرح گریڈ 17اور 18 کے ملازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ خصوصی یومیہ الائونس 3 ہزار 840 روپے مقرر کیا گیا ہے، اس کے بعد گریڈ 12 سے 16 کے ملازمین کے لیے 2 ہزار 160 روپے، گریڈ 5 سے 11 کے ملازمین کے لیے ایک ہزار 320 روپے اور گریڈ 1 سے 4 کے لیے یومیہ ایک ہزار 200 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔الائونسز میں اضافہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہے۔ٹرانسپورٹیشن لاگت میں بھی 50 فیصد اضافہ کر کے گاڑیوں کے لیے 7.5 روپے فی کلومیٹر اور موٹر سائیکلوں کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ذاتی کاروں یا ٹیکسیوں کے لیے فی کلو میٹر مائلیج الائونس 50 فیصد بڑھا کر 15 روپے، موٹر سائیکلوں کے لیے 6 روپے، سائیکلوں کے لیے 3 روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لیے ہوائی سفر کی اجازت ہے جبکہ ریٹائرمنٹ یا تبادلے پر ذاتی اشیا لے جانے کی لاگت بھی 0.03 روپے کلو فی کلومیٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں