حکومت نے صنعتوں کیلئے بجلی15روپے فی یونٹ سستی کردی

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومتِ پاکستان نے صنعتی شعبے کیلئے ایک بڑا اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں15روپے فی یونٹ کی نمایاں کمی کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد صنعتوں کیلئے بجلی کا نیا نرخ38روپے فی یونٹ سے کم ہو کر23روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا واضح ہدف پاکستان میں معاشی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔حکومت نے معیشت کے استحکام کیلئے سود کی شرح میں واضح کمی کی ہے جبکہ کاروباری طبقے کیلئے سرمائے تک رسائی بھی آسان بنا دی گئی ہے۔مشیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت غیر دستاویزی معیشت کو رسمی دائرے میں لانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس سے ٹیکس کی وصولی، تعمیل اور نفاذ کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں