حکومت پنجاب کی طرف سے فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ کی86الیکٹرک بسیں مختص کی گئی ہیں،آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی طرف سے فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ کی باوقار اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لئے 86الیکٹرک بسیں مختص کی گئی ہیں جن میں سے 33بسیں عنقریب فراہم کی جا رہی ہیں جو چھ مختلف روٹس پر چلیں گے جبکہ میٹرو بس سروس کا منصوبہ اس سے الگ ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چوہدری نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایف ڈی اے کی کارکردگی، دائرہ اختیار اور بعض شہری مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ماسٹر پلان کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے تاہم پیری اربن سٹریکچر پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت شہر کی زونگ کی گئی ہے اور تعمیرات اور ہائوسنگ کالونیوں کیلئے انوائرمنٹل ایمپیکٹ رپورٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زونگ کے تحت بران ایریا 30ہزار ایکڑ کم ہوا ہے جبکہ صوبائی سطح پر فیصل آباد سمیت 125شہروں کے outline development plansبھی تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے طرفِ سے ڈیپازٹ ورک کے تحت ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے بعد میونسپل کارپوریشن یا دیگر متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا جاتا ہے جن کی مرمت و بحالی ڈی اے کے دائرہ کار میں نہیں آتی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی کی بعض شاہرات کی توسیع و تعمیر نو کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں نشاطِ آباد پل سے گٹ والا تک شیخو پورہ روڈ کو کشادہ، رین ڈرین اور فٹ پاتھ کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ دو رویہ شاہراہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے سٹی کے ترقیاتی پہلوں کے بارے میں بتایا کہ بجلی کے 18میں سے 14فیڈرز مکمل ہو چکے ہیں جبکہ عالمی معیار کے سپورٹس کمپلیکس کی تکمیل اور فنکشنل نبانے کے بعد اب ڈی پی ایس کے کیمپس کی بلڈنگ کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح میاواکی فاریسٹ خوبصورت جھیل و دیگر تفریحی سہولیات پر مشتمل سنٹرل پارک ایف ڈی اے سٹی کی تزئین و ترقی کا منصوبہ بھی مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی تفصیلات کے بارے میں بھی بتایا اور کہا پرانی غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو ریگولر کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی طرف قانونی راستہ نکالا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے واسا کو 11بلین روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج فراہم کیا ہے جس سے سیوریج کے نظام کی ری ویمپنگ کی جا سکے گی۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈائر یکٹر جزل ایف ڈی اے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شہری مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس شہر کا سب سے اہم مسئلہ مالی وسائل کی کمی ہے جس پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے۔ اس موقع پر وحید خالق رامے، رانا فیاض احمد، طارق محمود قادری، رانا سکندر اعظم، عامر عزیز میاں تنویر، عامر شہزاد ، چوہدری نواز، شیخ یاسین و دیگر نے بھی شہری مسائل کے بارے میں سوالات کئے۔آخر میں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکر یہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں خصوصی پن لگائی اور شیلڈ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں