حکومت کا بڑا اقدام،3400بند سی این جی اسٹیشنز کو ای وی چارجنگ پوائنٹس بنانے کا منصوبہ تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے ملک بھر میں 3,400بند سی این جی اسٹیشنوں کو الیکٹرک گاڑیوں کیلئے ای وی چارجنگ پوائنٹس میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔حکومت نے مستقبل میں الیکٹرک گاڑیوں کی سہولت کیلئے ملک کے چارجنگ انفرااسٹرکچر کو وسعت دینے کیلئے 3,400بند سی این جی اسٹیشنوں کو الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ ہب کے طور پر دوبارہ استعمال کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ ملک بھر میں پچھلے ایک سال میں صرف 8چارجنگ اسٹیشن کام کررہے ہیں، جو 94 ہزار بجلی یونٹ استعمال کررہے ہیں۔ چند روز قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ای وی چارجنگ اسٹیشنوں کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف کو 45.55روپے فی یونٹ سے کم کر کے 23.57روپے فی یونٹ کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا تھا، اس اقدام کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا اور چارجنگ کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔نیپرا نے پرائس ریگولیشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ چارجنگ اسٹیشن آپریٹرز کو من مانے نرخوں کے تعین سے کیسے روکا جائے گا؟، فی الحال، ای وی صارفین 70روپے فی یونٹ تک ادائیگی کرتے ہیں، جس سے بہت سے لوگوں کیلئے مالیاتی طور پر چارجنگ ناقابل عمل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں