حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈ متعارف کرانیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیاجس میں لین دین موبائل ایپ سے ہوگا۔ ان ڈیجیٹل پرائزبانڈزکی انعامی رقم قابل ٹیکس ہوگی لیکن اس پر زکوٰة لاگو نہیں ہوگی،ڈیجیٹل پرائز بانڈز چوری،نقصان یا ضیاع کے خطرات کو کم کرے گا اوریہ اقدام معیشت کو دستاویزی شکل دینے، شفافیت بڑھانے اوراحتساب بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے تیار کردہ سمری اور دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ابتدائی طور پر 500 روپے، 1000 روپے، 5000 روپے اور 10000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کیے جائیں گے جو وزارت خزانہ وقتا فوقتا نوٹیفائی کرے گی۔ بالغ پاکستانی شہری نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا سی ڈی این ایس کے منظور شدہ کسی اور چینل کے ذریعے خریداری کر سکتا ہے،خریداری کی ادائیگی لنک شدہ بینک اکاونٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاونٹ کے ذریعے کی جائے گی،ڈیجیٹل پرائز بانڈز کا انعام موبائل ایپ کے ذریعے ریڈیم کیا جائے گا اور اس کی رقم خریداری کے وقت استعمال شدہ لنک شدہ بینک اکاونٹ یا سی ڈی این ایس بچت اکاونٹ میں جمع کر دی جائے گی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی سہ ماہی بنیاد پر کی جائے گی یا وزارت خزانہ کی طرف سے نوٹیفائی کی جائے گی، قرعہ اندازی کا شیڈول ہر سال کے آغاز میں سی ڈی این ایس کی طرف سے اعلان کیا جائے گا۔ڈیجیٹل پرائز بانڈ کے خریدار خریداری کے وقت کسی نامزدگی کا تعین کر سکتے ہیں جسے بعد میں تبدیل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے، سرمایہ کار کی وفات کی صورت میں مرحوم کے بانڈ کی اصل رقم اور انعامی رقم ان کے قانونی ورثا کو جانشینی کے سرٹیفکیٹ کے مطابق ادا کی جائے گی اور اگر خالص رقم 500000 روپے سے زیادہ نہ ہو تو ادائیگی خریداری کے وقت نامزد شخص کو کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں