حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ملک میں معاشی استحکام آچکا،عابد شیر علی

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما، سابق وزیر مملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستان میں معاشی استحکام آچکا ہے ،پاکستان ڈیفالٹ کے خطرات سے نکل کر معاشی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے جس کی بلوم برگ انٹیلی جنس نے بھی اپنی رپورٹ میں تصدیق کردی ہے رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خطرات میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان ان چند ممالک میں بلندی پر ہے جنہوں نے پچھلے 12مہینوں میں دیوالیہ ہونے کے خطرے میں سب سے زیادہ 11فیصد کمی دکھائی ہے جو دنیا کے تمام بڑے ترقی پذیر ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔ عالمی کریڈٹ ایجنسیوںایس اینڈ پی اور فچ کی جانب سے بہتر درجہ بندی دنیا بھر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان اب نہ صرف واپس عالمی نقشے پر آ چکا ہے، بلکہ اب وہ استحکام، شفافیت اور اصلاحات کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان کیلئے خوشخبریاں ہی خوشخبریاں ہیں، منیلا میں پاکستانی طلبہ کی ٹیموں نے 2025 ایشیا پیسفک (اے پی اے سی) سولیوشن چیلنج میں نمایاں اعزازات حاصل کیے ہیں۔ یہ عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی مقابلہ گوگل اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ ایشیا پیسفک کے 12ممالک سے شرکت کرنے والی 750سے زیادہ ٹیموں میں سے اسلام آباد کے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی ٹیم جیو جیما کو مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مضر صحت کھانوں کا معاملہ سنگین اور گھمبیر صورت اختیار کر چکا ہے، گوجرانوالہ میں ایک انٹرنیشنل کبڈی پلیئر کے 3بچے ایسی ہی ایک زیر خورانی کا شکار ہو کر دم توڑ چکے ہیں، باقی پوری فیملی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ پنجاب حکومت کو اس پر بہت سخت قسم کا کریک ڈائون کرنا چاہیے۔ انسانی جانوں کے ساتھ اس بے رحمی سے کھیلنا ہرگز قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز خود نوٹس لے کر صوبے میں محفوظ خوردونوش اور حقیقی غذائی تحفظ کا نظام لائیں، بازاروں میں فروخت ہونے والے کھانے اور پین یکی ہر چیز پر سخت چیک اینڈ بیلنس ہونا چاہیے اور ناقص کھانے پینے کی اشیاء سے اگر کوئی جان چلی جائے تو اس پر سخت سزائیں نافذ ہونی چاہئیں۔ اس کے لیے اسمبلی میں قانون سازی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں