حکومت IMF کیساتھ مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید

اسلام آباد (بیوروچیف) سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کے حصول کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات آج شروع ہوں گے اور چودہ مارچ تک جاری رہیں گے۔ وزارت خزانہ حکام کیمطابق مذاکرات میں قرض پروگرام کی شرائط پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا،آئی ایم ایف وفد سے نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز پر بھی مشاورت ہو گی، ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات کا جائزہ لیا جائیگا،ذرائع کیمطابق آئی ایم ایف نے بجلی بلوں پر دو روپے اسی پیسے فی یونٹ سرچارج، پیٹرول اور ڈیزل پرکاربن ٹیکس لگانے کی تجویز دی ہے، پیٹرولیم لیوی ساٹھ روپے سے بڑھا کر ستر روپے لیٹر کرنے کا متبادل آپشن بھی موجود ہے۔ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں اور بوائلرز پرکاربن لیوی عائد کی جا سکتی ہے،پی آئی اے سمیت سرکاری اداروں کی نجکاری میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا جائیگا،وزارت خزانہ حکام آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ قرض کی اگلی قسط ملنے سے صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے، مذاکرات کامیابی کی صورت میں ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے ایک ارب ڈالر کی قسط ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں