حکومتIMFکی ایک اور شرط پوری کرنے کیلئے تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) نے نیٹ میٹرنگ کو محدود کرنے کیلئے پروسومر ریگولیشنز2025ء کا مسودہ جاری کر دیا۔نیپرا کی جانب سے نیٹ میٹرڈ سولر پاور صارفین کے سائز، مدت اور ادائیگی کی شرح میں تقریبا نصف تک کمی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔حکام کے مطابق ان ضوابط کی منظوری کے بعد متبادل اور قابلِ تجدید توانائی تقسیم شدہ پیداوار اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 کو منسوخ کیا جائے گا ، نیپرا نے 2015 کے قانون کو منسوخ کرنے سے قبل نئے ضوابط پر 30 دن میں تجاویز طلب کر لیں۔مسودہ میں نئے معاہدوں کی مدت سات سال سے کم کر کے پانچ سال کرنے کی تجویز ہے، نئے ضوابط کے تحت صارفین کو اپنے اصل منظور شدہ لوڈ سے زیادہ صلاحیت کا سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔دس کلوواٹ کا صارف صرف 10کلوواٹ تک کا سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کر سکے گا، نیٹ میٹرنگ صارفین کو اوسط قومی انرجی پرچیز پرائس دی جائے گی ، اس سے نیٹ میٹرنگ صارفین کو 26روپے فی یونٹ کی بجائے 13روپے فی یونٹ ادائیگی کی جائے گی۔مسودہ کے مطابق ڈسکوز زیادہ نیٹ میٹرنگ والے فیڈرز پر مزید درخواستوں کو مسترد کر سکیں گے۔نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ پروسومرز وہ صارفین ہیں جو بیک وقت سولر بجلی کے پیدا کنندہ اور صارف ہیں ، اس وقت سسٹم سے منسلک سولر نیٹ میٹرنگ کی صلاحیت 6ہزار میگاواٹ ہے، آف گرڈ سولر کو شامل کرنے سے صلاحیت 13 ہزار میگاواٹ ہو جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے شمسی توانائی کی صلاحیت کی حد میں 50 فیصد کمی واقع ہو جائے گی ، اقدام مہنگے پاور یوٹیلیٹی کاروبار کو زوال سے بچانے کی کوشش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں