خاتون کو زندہ جلانے کا واقعہ، حنا پرویز بٹ کا نوٹس

لاہور (بیورو چیف)چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے خوشاب کے علاقے جَوْرہ کلاں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خوشاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاؤں لال حسین، تھانہ جورا کلاں، ضلع خوشاب میں 26 سالہ خاتون چمن بتول کو مبینہ طور پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں ابتدائی طور پر قریبی طبی امداد کے طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال، ضلع سرگودھا منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت بگڑنے پر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔متوفیہ کے بھائی رضوان کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم بابر عباس، جو متوفیہ کا سابق شوہر تھا، نے مبینہ طور پر رنجش کی بنا پر یہ قدم اٹھایا۔ ملزم نے تقریباً دو سے تین ماہ قبل چمن بتول کو طلاق دے دی تھی اور دوسری شادی کر لی تھی، جبکہ متوفیہ نے نان و نفقہ کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا تھا۔ اسی پس منظر میں ملزم بابر عباس پر یہ الزام سامنے آیا کہ اس نے اپنی دوسری بیوی کے والد طاہر عباس کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سے چمن بتول کو آگ لگائی۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان بابر عباس اور طاہر عباس کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے مقدمے کا اندراج ایف آئی آر نمبر 27 مورخہ 14ـ03ـ2026 بجرم دفعات 302/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ پر پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم بھی طلب کی گئی، جبکہ مزید شواہد اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ ریسکیو 1122 کے عملے کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران خاتون نے خود کو آگ لگانے کا بیان دیا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی حقائق مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف اس نوعیت کے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عورت کی جان، عزت اور تحفظ پر حملہ پورے معاشرے کے ضمیر پر حملہ ہے، اور ایسے واقعات میں ملوث nعناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی تفتیش کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”خواتین کے لیے محفوظ پنجاب” کے تحت خواتین کے خلاف تشدد کے ہر واقعے پر فوری اور مؤثر ردعمل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی متاثرہ خاندان کو قانونی، سماجی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی اور اس کیس کی پیش رفت کو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خواتین کے خلاف تشدد یا کسی بھی ظلم کے واقعے کو چھپانے کے بجائے فوری رپورٹ کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں