خاتون کی خودکشی،پراپرٹی کا جھانسہ دیکر شہری کیساتھ13کروڑ کا فراڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، پراپرٹی دلوانے کا جھانسہ دیکر شہری کیساتھ13کروڑ کا فراڈ، ٹرائی لینے کے بہانے دوست دوست کی کار لے اڑا۔ قاتلانہ حملوں میں 2افراد لہولہان، معمولی تنازعہ پر مشتعل افراد کی دیہاتی کے گھر پر فائرنگ ، بچوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی، بتایا جاتا ہے کہ ننکانہ کی رہائشی 28سالہ عائشہ زوجہ الیاس کا گھر والوں سے جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز بھی کسی بات پر جھگڑا ہوا توعائشہ بی بی نے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی۔ فائق حسین ٹائون کے رہائشی شہزاد نے کوتوالی پولیس کو درخواست گذارتے ہوئے بتایا کہ اس نے ڈیلر سکندر حیات کے ذریعے ملزم عبدالحمید سے سرگودھا اور لاہور روڈ پر پراپرٹی کا13کروڑ میں سودا کیا اور اس کو رقم ادا کر دی بعد ازاں معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم عبدالمجید اراضی کا اقراری مالک ہے ، سائل نے پراپرٹی کلیئر کروانے کیلئے مزید20لاکھ کی رقم دی تاہم وہ اراضی منتقل نہ کی تو رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا لیت و لعل کے بعد چیک دیا جو کہ جعلی نکلا جبکہ چک جھمرہ کے علاقہ188ر۔ب کے غلام رسول نے بتایا کہ اسد کا واقف کار دوست عثمان کار کی ٹرائی لینے کے بہانے لے کر گیا واپس نہ آیا جبکہ منصور آباد کے علاقہ ملت ٹائون میں معمولی جھگڑے پر موٹر سائیکل سوار نے فراز ولد محمود کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا،تھانہ صدر کے علاقہ محلہ حیدری میں عداوت کی بناء پر عدنان وغیرہ نے مخالف عمران کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں کھڑریانوالہ کے266ر۔ب کے بلال سہیل نے بتایا کہ بے عزتی کا بدلہ لینے کی خاطر مشتعل ملزمان عبداللہ وغیرہ نے اس کے گھر پر فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلایا اور بچوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں۔ اہل محلہ نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی، تاہم پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں