لاہور( بیو رو چیف )فیصل آباد کے دو حلقوں این اے 104اورپی پی 98میں ضمنی الیکشن نہ ہونے کے خدشات دور ہو گئے ۔ صاحبزادہ حامد رضا اور جنید افضل ساہی کی الیکشن روکنے کی درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو بھجوادی ۔جسٹس خالد اسحاق بھی اس سے قبل اس کیس کی سماعت سے معذرت کر چکے ہیں۔صاحبزادہ حامد رضا اور جنید افضل ساہی کی درخواستوں میں وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔9مئی مقدمات میں سابق رکن اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا اور سابق ایم پی اے جنید افضل ساہی کو انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آبادسے سزا ہونے پر نااہل قرار دیا گیا جس پر الیکشن کمیشن نے این اے 104اور پی پی 98میں 23نومبر کو ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر رکھا ہے ۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کانااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور ضمنی الیکشن رو کا جائے ۔دو ججز کی سماعت سے معذرت کے بعد ان دو حلقوں میں الیکشن نہ ہونے کے خدشات تقریباً دور ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا ئ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے باوجود آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی کا لبادہ اوڑھ لیا، عمران خان کے نام پر انتخابی مہم چلانے میں مصروف۔ تفصیل کے مطابق 23نومبر کو فیصل آباد کے 5حلقوں میں ہونیوالے ضمنی الیکشن کا پاکستان تحریک انصاف نے مکمل طور پر بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ جماعت اسلامی بھی ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی، پیپلزپارٹی کی مسلم لیگ (ن) سے شراکت داری ہے، صرف مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ آزاد امیدواروں کی اکثریت پی ٹی آئی کے رنگ میں رنگ کر پی ٹی آئی اور عمران خان کے نام پر ووٹرز سے ووٹ مانگ رہے ہیں تاہم عمران خان لوورز (ووٹرز) ابھی تک مکمل طور پر خاموش ہیں، فیصل آباد کے 5حلقوں میں تحریک انصاف کے موجودہ اور سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز سمیت کسی عہدیدار نے ابھی تک کسی امیدوار کی کوئی کارنر میٹنگ نہیں کرائی اور نہ ہی ابھی تک کھل کر سامنے آئے ہیں مگر آزاد امیدوار اپنے طور پر پی ٹی آئی کے نام پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن کا انوکھا اقدام’ وزیرمملکت وسینیٹر طلال چوہدری کو پی پی116 میں میڈیا ٹاک کرنے پر نوٹس’ جبکہ جڑانوالہ حلقہ پی پی96 میں اپنے بھائی امیدوار بلال چوہدری کی بھرپور کمپیئن کرنے پر کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ اسی طرح سینیٹر ووزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں کی حلقہ پی پی116 میں اپنے داماد امیدوار رانا احمد شہریار خاں کی بھرپور کمپیئن چلانے پر الیکشن کمیشن نے مکمل طور پر چپ سادھ رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ دنوں وزیر مملکت طلال چوہدری نے حلقہ پی پی116 میں واقع آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان میں وزٹ کے دوران میڈیا ٹاک کی جہاں پر سجادہ نشین آستانہ عالیہ پیر فیض رسول رضوی نے ضمنی انتخابات میں امیدوار رانا احمد شہریار خاں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ جس پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر مملکت طلال چوہدری کو نوٹس جاری کر دیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کیسا الیکشن ہے جس پر سینیٹر رانا ثناء اﷲ خاں اپنے داماد امیدوار اور سینیٹر طلال چوہدری اپنے بھائی امیدوار کی بھرپور کمپیئن چلا رہے ہیں۔ کارنر میٹنگز میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ جہاں پر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں وہ الیکشن کمیشن کو نظر نہیں آ رہی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران اور حکومتی مشینری مذکورہ حلقوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے نظر آ رہی ہے اور ایسے لگتا ہے کہ امیدواروں کی بجائے سرکاری افسران الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہاں پر الیکشن کمیشن وڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں



