خطرہ ختم: قطر اور متحدہ عرب امارات میں فلائٹ آپریشن بحال

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) قطر اور متحدہ امارات نے فلائٹ آپریشن بحال کر دیے۔ایران کے قطر میں واقع امریکہ کے زیر استعمال ایک بیس پر میزائل مارنے کے بعد قطر، متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود ہر طرح کے طیاروں کے لئے بند کر دی تھیں اور اپنے تمام ائیرپورٹس بند کر دیئے تھے جو کئی گھنٹے بند رہنے کے بعد اب کھول دیئے گئے ہیں اور کمرشل طیاروں کی آمدورفت بحال ہو گئی ہے۔اس دوران کم از کم 26تجارتی پروازوں کو ڈائیورٹ کرنا پڑا یہ پروازیں دبئی یا دوحہ جا رہی تھیں، ایوی ایشن تجزیاتی ادارے سرئیم کے مطابق ان میں سے 22پروازیں دوحہ کی جانب رواں تھیں جن میں سے 12پروازیں قطر ایئرویز کی تھیں، بقیہ پروازیں دبئی جا رہی تھیں۔بعض پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا جبکہ کچھ پروازیں ایئرپورٹس پر واپس لوٹ گئیں، فضائی حدود کی بندش کا سبب مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی اور سکیورٹی خطرات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ایوی ایشن حکام اور ایئرلائنز صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ایئرلائنز سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں