خوبصورتی کا اداکاری سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ سیمی راحیل

لاہور (شوبز نیوز) سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے کہا ہے کہ آج کل شوبز انڈسٹری میں ظاہری خوبصورتی کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ سارے اداکار ایک جیسے لگتے ہیں۔سیمی راحیل نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کل شوبز انڈسٹری میں صلاحیت اور فن کی بجائے ظاہری خوبصورتی کو زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اداکار کا خوبصورتی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، اگر لوگ آپ کو آپ کے کردار کی وجہ سے یاد رکھتے ہیں تو یہی اصل کامیابی ہے۔سیمی راحیل نے ماضی کی اداکاراں جیسے عظمی گیلانی، ثمینہ احمد، روحی بانو اور خالدہ ریاست کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی اداکاری کی وجہ سے سراہا جاتا تھا، نہ کہ صرف شکل و صورت کی بنیاد پر۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کل ہر کوئی ایک جیسا دکھنے کی کوشش کررہا ہے، جیسے کہ سب کے چہرے ایک جیسے، ایک ہی جیسی بھنویں اور ایک ہی جیسا رنگ۔ان کا کہنا تھا کہ پرانے دور کے اداکار انقلابی ہوتے تھے، وہ پڑھے لکھے تھے، انہیں شعور تھا، میں صرف الف اور ب والی تعلیم کی بات نہیں کررہی، میرا مطلب یہ ہے کہ انہیں یہ ادراک ہوتا تھا کہ وہ جو کہیں گے یا کریں گے اس کا معاشرے پر کیا اثر پڑے گاسیمی راحیل کے مطابق آج بھی کچھ ایسے ڈرامے بن رہے ہیں جن میں واقعی اچھا کام ہوا ہے، لیکن ایسے ڈرامے کئی سالوں بعد سامنے آئے ہیں۔، جیسے تن من نیل و نیل، کبھی میں کبھی تم اور فرار۔ان کا کہنا تھا کہ ان ڈراموں کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اچھے مواد کا معاشرے پر اثر ہوتا ہے اور یہ پسند بھی کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں