54

خورد برد ، 5افسران کو وزارت داخلہ سے نکال دیاگیا

اسلام آباد(بیوروچیف)کرپشن،افغان ویزا ،اسلحہ لائسنسوں میں خورد برد ،بے ضابطگیوں پر وفاقی حکومت کی اہم ترین وزارت میں بڑے پیمانے پر صفایا شروع کر دیا گیا۔ وزارت کے تمام سیکشن افسران کو تبدیل کر دیا گیا ،5 افسران کو وزارت سے ہی نکال دیا گیا ۔وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی ہدایت پر منسٹر سٹاف کے 3 افسران کو بھی فارغ کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر، ڈپٹی سیکرٹری اور سیکشن افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ نگراں وزیر داخلہ کی ہدایت پر وزارت داخلہ میں غیر معمولی نوعیت کی اکھاڑ پچھاڑ ، 5 طاقتور سمجھے جانے والے افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ وزارت داخلہ میں اہم ترین تبدیلی یہ کی گئی کہ تمام سیکشن افسروں کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا اور نئی ذمہ داریاں دے دی گئیں۔ وزارتِ داخلہ کے ڈی جی میڈیا منسٹر کو بھی وزارت اطلاعات بھجوا دیا گیا ۔ عکسر خان کو نیا ڈائریکٹر ٹو منسٹر تعینات کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز بگٹی نے وزارت داخلہ کی آڈٹ رپورٹ اور حساس اداروں کی رپورٹ کے بعد افسران کو ہٹایا۔وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 کے ڈپٹی سیکرٹری خورشید احمد، گریڈ18کے افسران فرحان احمد،محمد ریاض ، عبدالرزاق عثمان شاہ کی خدمات بھی اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ میں افسران کی تبدیلیوں کے نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں