خوشخبری’کینیڈا میں ایکسپریس انٹری فعال

کینیڈا (مانیٹرنگ ڈیسک )کینیڈا نے ایک بار پھر اپنا امیگریشن نظام ایکسپریس انٹری فعال کر دیا ہے جس کے بعد دنیا بھر کے ہنرمند افراد کے ساتھ پاکستانی شہریوں کے لیے بھی مستقل رہائش حاصل کرنے کا راستہ کھل گیا ہے۔کینیڈین محکمہ امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا کے تحت چلنے والا یہ آن لائن نظام ہنر، تعلیم، زبان پر عبور اور پیشہ ورانہ تجربے کی بنیاد پر امیدواروں کا انتخاب کرتا ہے اور اسے کینیڈا میں قانونی طور پر بسنے کا سب سے منظم اور میرٹ پر مبنی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ مکمل طور پر آن لائن نظام کینیڈا کے محکمہ امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (آئی آر سی سی)کے تحت چلایا جاتا ہے اور قومی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امیدواروں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔پاکستان میں کینیڈین ہائی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ پاکستان سمیت دنیا بھر سے ہنر مند افراد سے درخواستیں طلب کر رہا ہے۔ ایکسپریس انٹری بذات خود کوئی ویزا نہیں بلکہ ایک ڈیجیٹل نظام ہے جس کے ذریعے تین وفاقی امیگریشن پروگرامز کی درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔ ان پروگرامز میں کینیڈین ایکسپیرینس کلاس، فیڈرل سکلڈ ورکر پروگرام اور فیڈرل سکلڈ ٹریڈز پروگرام شامل ہیں۔ ایکسپریس انٹری پول میں شامل ہونے کے لیے امیدوار کا ان میں سے کم از کم ایک پروگرام کی شرائط پر پورا اترنا ضروری ہوتا ہے۔کینیڈین ایکسپیرینس کلاس ان ہنر مند افراد کے لیے مخصوص ہے جن کے پاس کینیڈا میں کام کرنے کا تجربہ ہو اور وہ مستقل رہائش کے خواہشمند ہوں۔ فیڈرل سکلڈ ورکر پروگرام ان پیشہ ور افراد کو مدنظر رکھتا ہے جنہوں نے بیرونِ ملک تعلیم اور کام کا تجربہ حاصل کیا ہو، جبکہ فیڈرل سکلڈ ٹریڈز پروگرام تعمیرات، صنعت، یوٹیلیٹیز، زراعت اور خوراک سے متعلق مخصوص فنی شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے مختص ہے۔کینیڈین ایکسپیرینس کلاس کے تحت امیدوار کے پاس گزشتہ تین برسوں میں کم از کم ایک سال کا کینیڈا میں حاصل کردہ ہنرمند کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے، چاہے وہ فل ٹائم ہو یا پارٹ ٹائم کے مساوی۔ اس پروگرام میں تعلیم لازمی شرط نہیں، تاہم اعلی تعلیم سی آر ایس سکور میں بہتری کا باعث بن سکتی ہے جبکہ جاب آفر کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔فیڈرل سکلڈ ورکر پروگرام میں گزشتہ دس برسوں کے دوران کم از کم ایک سال کا مسلسل ہنر مندکام کا تجربہ درکار ہوتا ہے، چاہے وہ کینیڈا میں حاصل کیا گیا ہو یا بیرونِ ملک۔ اس پروگرام کے لیے کم از کم ثانوی تعلیم لازمی ہے اور اعلی تعلیم پر اضافی پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں