پشاور (بیوروچیف)خیبرپختونخوا پر بین الاقوامی قرضوں میں ہر ماہ تقریبا ساڑھے 5 ارب روپے کا اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ 6ماہ کے دوران قرض کی مد میں33ارب42کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق صوبے کا مجموعی قرض بڑھ کر 809ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ جون سے دسمبر کے دوران خیبرپختونخوا حکومت نے25 ارب 56کروڑ روپے قرض واپس کیا، جس میں 15 ارب 81 کروڑ روپے اصل رقم جبکہ 9 ارب 75 کروڑ روپے سود کی مد میں ادا کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق اسی مدت میں صوبائی حکومت کو قرض کی مد میں 45 ارب 9 کروڑ روپے کی وصولی بھی ہوئی۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ قرض عالمی بینک کے بین الاقوامی ادارہ برائے ترقی سے لیا گیا جو 352 ارب 50 کروڑ روپے ہے اور 46 منصوبوں پر خرچ ہو رہا ہے۔اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک کا قرض 351 ارب 80 کروڑ روپے ہے جو 44 مختلف منصوبوں کے لیے حاصل کیا گیا۔



