دربار قائم سائیں روڈ پر گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات کا صفایا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حافظہ عظمت فردوس نے ماتحت عملہ کے ہمراہ دربار قائم سائیں روڈ پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا جبکہ جڑانوالہ روڈ’ جلوی مارکیٹ’ آٹھ بازاروں میں دوبارہ تجاوزات کرنیوالوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے سامان قبضہ میں لیکر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تاجر دکان کے باہر فٹ پاتھ خالی رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو آسانی ہو۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔ گزشتہ روز غلام محمد آباد کے علاقہ دربار بابا قائم سائیں روڈ پر ہیوی مشینری کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے شہریوں کی طرف سے کی جانیوالی پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ دکانوں اور گھروں کے باہر بنے تھڑے’ گیراج’ لان اور دیگر تجاوزات کو گرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں’ دکانوں کے باہر کی جانے والی پختہ’ عارضی تجاوزات کو ازخود ختم کر دیں۔ جب بھاری مشینری سے تجاوزات کو گرایا جاتا ہے تو اس کا زیادہ نقصان ہونے کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز جڑانوالہ روڈ اور جلوی مارکیٹ میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے پختہ تجاوزات کو ختم اور دکانوں کے باہر عارضی تجاوزات کرنے والوں کا سامان قبضہ میں لے لیا۔ اس کے ساتھ ساتھ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھ بازاروں میں بھی دوبارہ آپریشن کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر دوبارہ کائونٹر لگانے اور دکانوں کے باہر سٹال لگا کر خریداری اور پیدل چلنے والوں کیلئے مشکلات کرنے والوں کا سامان قبضہ میں لیکر فٹ پاتھ کلیئر کروا دیئے۔ انہوں نے تاجروں کو تنبیہہ کی کہ وہ دکانوں کے باہر اور فٹ پاتھ کو کلیئر رکھیں۔ فٹ پاتھ پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں