درخت دھرتی کا حسن ہیں’ مریم خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر” پودا لگائیں پاکستان کے لئے”کے نعرے پرضلع چنیوٹ چک بہادر لالیاں میں 80۔ ایکٹر رقبہ پر جنگل لگانے کا کام شروع ہوگیا ہے۔اس ضمن میں تقریبا8 ہزار پودے لگائے گئے۔کمشنر فیصل آباد مریم خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرچنیوٹ صفی اللہ گوندل،ایم پی اے تیمورامجد لالی،طالب علم اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اور وسیع رقبہ پر سب نے مل کراپنے اپنے حصے کا پودا لگایا۔کمشنر نے کہا کہ جنگلات کے عالمی دن کو منانے کا مقصد کرہ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ہے اور آج ایک یوم میں فیصل آباد ڈویژن میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ طالب علم ”درخت لگائیں پاکستان کے لئے ”کے نعرے کو کامیاب کریں۔ انہوں نے درختوں کی اہمیت وافادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ درخت دھرتی کا حسن اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے چنیوٹ کے80 سکولوں میں ہارٹیکلچر کے لئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات ڈویژن بھر میں لاگو ہونے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم کے اہداف سے آگاہ کیااور بتایا کہ اگلے مرحلہ میں فاریسٹ کی مزید 300 ایکڑ اراضی پر پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر کمشنر کا شکریہ اداکیا۔ایم پی اے نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر لالیاں شازیہ رحمان سمیت محکمہ جنگلات،ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں