درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے،ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں عوامی رابطے کیلئے دفتری اوقات میں ہمہ وقت موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کی ان کے اطمینان کے مطابق داد رسی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں، تجاوزات، ناجائز تعمیرات، قبضہ مافیا، بلڈنگ بائی لاز کی عدم تعمیل اور غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف محکمانہ کارروائیاں باقاعدگی سے جاری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے اور کام جو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہرصورت مکمل کریں تاکہ ایف ڈی اے کے سروسز پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ایف ڈی اے سے متعلقہ کسی بھی شکایت یا مسئلہ کی صورت میں ان سے بلاروک ٹوک رابطہ کرسکتے ہیں کیونکہ کمپلنٹ فری سروسز کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے اور اس مشن کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کام کی انجام دہی میں بے جا تاخیر ،حیلے بہانوں اور سست روی کی قطعا گنجائش نہیں اس سلسلے میں سٹاف کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ درخواست گزاروں کی مکمل رہنمائی کریں اورخلوص نیت و دیانتداری سے سرکاری فرائض انجام دیتے جائیں، بددیانت اور کام چور اہلکار محکمانہ کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ایف ڈی اے کی سروسز سے متعلق معلومات کے لئے ہیلپ لائن 1237 سے رابطہ کر سکتے ہیں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یاسرمایہ کاری کرنے سے قبل اسکی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ کی ضرور چھان بین کرلیں تاکہ وہ کسی قسم کی پریشانی یا مشکل سے محفوظ رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں