14

دریائوں میں پانی کی سطح بلند’اونچے درجے کا سیلاب

لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں دریائوں کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیشتر مقامات پر پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے تاہم کچھ مقامات پر درمیانے اور نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر پانی کا بہا نارمل ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہا ایک لاکھ 96ہزار کیوسک، کالا باغ میں ایک لاکھ 69 ہزار کیوسک، چشمہ میں ایک لاکھ 78ہزار کیوسک اور تونسہ میں ایک لاکھ 61ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے چناب میں مرالہ پر 56ہزار، خانکی پر 68ہزار، قادر آباد پر 75ہزار اور ہیڈ تریموں پر پانی کا بہائو 80ہزار کیوسک ہے، جو تمام مقامات پر نارمل سطح پر ہے۔ تاہم پنجند کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہا دو لاکھ 34ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر پانی کا بہا بالترتیب 8ہزار، 10ہزار، 29ہزار اور 23 ہزار کیوسک ہے جو کہ معمول کے مطابق ہے۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ گنڈا سنگھ والا میں پانی کا بہا ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ اسلام میں 81 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور وہاں پانی کا بہا 90 ہزار کیوسک ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاوں کے کنارے غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1129 پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں