16

دریائے ستلج،بندٹوٹنے سے متعدد علاقے زیر آب آگئے

بہاولنگر، عارف والا، قصور(نامہ نگار) حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے باعث کئی مقاما ت سے بند ٹوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بہاولنگر میں بھوکاں پتن کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث موضع توگیرہ شر یف کے قریب بند ٹوٹ گیا جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔سیلابی ریلے کے باعث مومیکا روڈ بہہ گئی جبکہ متعدد دیہاتوں کا بہاولنگر سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، زرعی زمینوں اور فصلوں میں پانی داخل ہونے سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور کئی آبادیاں بھی زیرآب آ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دریائی بیلٹ کے علاقوں سے مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ادھر عارف والا کے قریب دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے، مقامی زمینداروں کے بنائے گئے حفاظتی بند سیلابی ریلوں کے دبا سے ٹوٹنے لگے جس کے نتیجے میں مزید علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔سیلابی ریلے کے باعث کھڑی فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہو گئیں جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے، مزید کئی مقامات پر چھوٹی بستیوں میں بھی پانی داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق دریا کے قریبی علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے جبکہ ریسکیو ادارے پانی میں گھرے افراد کو کشتیوں اور دیگر ذرائع سے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں