دریائے ستلج میں پانی کے بہائو میں مزید اضافہ

لاہور (بیوروچیف) بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بہائو میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہائو بڑھ کر ایک لاکھ95 ہزار 899 کیوسک تک پہنچ گیا۔ دریائے ستلج میں بہاولپور اور بہاولنگر کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے مزید کئی دیہات زیر آب آگئے، مکانات اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا۔ بورے والا میں ساہوکا اور ملحقہ آبادیاں زیر آب آگئیں، ساہوکا چشتیاں روڈ میں شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے سیکڑوں دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، سیلابی صورت حال کے باعث کشتیوں کے ذریعے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ دریائے چناب میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقلی کے لیے مساجد سے اعلانات کیے گئے، بھارت کی جانب سے ساڑھے3 لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلے کی آمد کا خدشہ ہے۔ چناب میں پانی کی سطح ایک دن میں 100فیصد سے زائد بڑھ گئی جس کے بعد فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ادھر ہیڈ سلیمانکی اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہائو 82 ہزار 140کیوسک تک پہنچ گیا۔ دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب آ گیا جہاں پا نی کی آمد 2لاکھ 17ہزار 490کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے، تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور گڈوپر بھی نچلے درجے کے سیلاب ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں